Ijtimai o Qaumi Masail Mein Deeni Jaraid Ka Kirdar (The Role of Religious Journals in Collective and National Issues)

Ijtimai o Qaumi Masail Mein Deeni Jaraid Ka Kirdar (The Role of Religious Journals in Collective and National Issues)

Although human societies have always witnessed change and transformation, the past three decades have brought about rapid and multidimensional shifts in every sphere of life. These changes have created countless opportunities and possibilities, giving rise to new trends — but they have also produced a new kind of divide. On one side stand those who develop, understand, and skillfully utilize technology; on the other, those who remain unfamiliar with it or benefit from it only in a limited way.

A few years ago, when mobile phones, computers, and information technology had not yet gained such dominance, books were considered the most effective source of knowledge, while journals and magazines served as key platforms for fresh intellectual, religious, and social discourse. Gradually, however, electronic and digital media began presenting this content in innovative ways, and the changing pace of life, along with shifting human preferences, moved readers’ attention from printed pages to screens. These very observations — and the possibilities that emerge from them — form the basis and purpose of this blog.


اجتماعی و قومی مسائل میں دینی جرائد کا کردار

مفتی کامران شہزاد

اگرچہ انسانی معاشرے ہمیشہ سے ہی تبدیلی اور تغیر کا مشاہدہ کرتے رہے ہیں لیکن گذشتہ تیس سال کے دوران زندگی کے تمام شعبوں میں ہر حوالے سے جو تیز رفتار اور ہمہ جہت تبدیلیاں آئی ہیں، ان کی وجہ سے جہاں بے شمار مواقع اور امکانات پیدا ہوئے ہیں اور نئے رجحانات نے جنم لیا ہے وہاں ایک نئی تقسیم کو بھی جنم دیا۔ ٹیکنالوجی کو ترقی دینے والے، اسے سمجھنے والے اور بہتر سے بہتر استعمال کرنے والے اس تقسیم میں ایک طرف اور اس سے نامانوس یا محدود  استفادہ کرنے والے دوسری طرف کھڑے ہیں۔

چند سال قبل جب موبائل، کمپیوٹرز، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ایسا زور نہ تھا، علم کو موثر ترین ذریعہ کتابیں ہوا کرتی تھیں، تازہ مباحث اور فکری و دعوتی ابلاغ کا ذریعہ جرائد و رسائل ہوا کرتے تھے۔ رفتہ رفتہ نہ صرف الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا  نے نت نئے انداز میں اس مواد کو پیش کرنا شروع کر دیا وہاں انسانی پسند و ناپسند اور زندگی کی رفتار نے پڑھنے والوں کی توجہ چھپے ہوئے صفحات سے سکرین پر منتقل کر دی۔

یہی  مشاہدات اور ان کی روشنی میں پیدا ہونے والے امکانات اس تحریر کا مقصد ہیں۔

تاریخی پس منظر

برصغیر کی فکری تاریخ پر نظر ڈالیں تو الہلال، المنیر، ترجمان القرآن، الفرقان، زمیندار جیسے مجلات نے نوآبادیاتی دور میں ملت کا شعور بیدار کیا اور مسلمانوں کی شناخت، اتحاد اور مقصدِ حیات اجاگر کیا۔اسی طرح قیام پاکستان کے بعد بھی جب کبھی قوم پر فکری یا نظریاتی بحران آیا، دینی جرائد نے امت کی رہنمائی کی۔تحریکِ پاکستان، ختمِ نبوت، نفاذِ شریعت، اور اسلامی آئین کی تشکیل جیسے مراحل میں یہ جرائد فکری بنیاد بنے۔یہ جرائد عوامی رائے عامہ تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوئے۔ان کا کردار محض مذہبی نہیں، بلکہ اصلاحی اور قومی شعور پیدا کرنے والا تھا۔ اسی پس منظر ، ملی ضرورت اور دینی جرائد کے کردار کو پیش نظر رکھتے ہوئے ذیلی نکات میں اختصار کے ساتھ یہ بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ دینی جرائد کس طرح ان جدید رجحانات کا استعمال کر کے اپنے پیغام کو وسیع پیمانے پر پہنچا سکتے ہیں۔[*]

موجودہ دور کے قومی و فکری چیلنجز

 مذہبی و فرقہ وارانہ تقسیم

آج کا سب سے بڑا چیلنج مذہبی اور فرقہ وارانہ تقسیم ہے۔ امتِ مسلمہ ایک ہی ایمان، ایک ہی قبلے اور ایک ہی کتاب کی پیروکار ہونے کے باوجود باہمی اختلافات میں اس حد تک بٹ چکی ہے کہ قومی وحدت متاثر ہو رہی ہے۔ دینی جرائد اس میدان میں ایک علمی اور فکری منبر بن سکتے ہیں — ایسا منبر جو مناظرانہ نہیں بلکہ مکالماتی ہو، جہاں دلیل اور احترام کے ساتھ بات ہو۔ اگر یہ جرائد مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان علمی ہم آہنگی پیدا کریں، تو یہ امت کی فکری شیرازہ بندی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 قومی ہم آہنگی کی کمی

قومی ہم آہنگی صرف نعرے یا جذبات سے نہیں بنتی، بلکہ اس کے لیے فکری وحدت اور اخلاقی بنیاد درکار ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں فکری سطح پر بکھراؤ نے ایک ایسی خلیج پیدا کر دی ہے جو اب محض فاصلے نہیں، بلکہ پوری کائنات بن چکی ہے۔ دینی جرائد کو یہاں ایک “علمی پل” کا کردار ادا کرنا ہوگا — مدارس، جامعات اور عوام کے درمیان ایک ایسا ربط قائم کرنا جو علم، تحقیق اور باہمی اعتماد پر کھڑا ہو۔ اگر ہم فکری سطح پر ایک دوسرے سے جڑ جائیں تو قومی ہم آہنگی از خود پیدا ہو جائے گی۔

 اخلاقی و معاشی بحران

آج ہمارے قومی بحران کی جڑ دراصل اخلاقی زوال ہے۔ معاشی بدحالی اسی اخلاقی کمزوری کا نتیجہ ہے۔ جب دیانت، عدل، امانت اور احساسِ ذمہ داری کمزور پڑ جائیں تو معیشت بھی زوال پذیر ہو جاتی ہے۔ دینی جرائد اپنی تحریروں کے ذریعے قوم میں اخلاقی شعور پیدا کر سکتے ہیں — ایسی تحریریں جو محض وعظ نہ ہوں بلکہ عمل کی تحریک بنیں۔ اگر دینی بیانیہ، معاشی نظام میں عدل و انصاف کے اصولوں کو اجاگر کرے تو یہ قوم کے اخلاقی و معاشی توازن کو بحال کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

 سوشل میڈیا کا منفی اثر

سوشل میڈیا نے اظہار کی آزادی کو بےحد بڑھا دیا ہے مگر اسی کے ساتھ فکری انارکی بھی پھیلائی ہے۔ جھوٹ، اشتعال اور نفرت کے بیانیے نے سنجیدہ گفتگو کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ یہاں دینی جرائد کو تحریر اور تحقیق کی سچائی کے ذریعے ایک مثبت متبادل پیش کرنا ہوگا۔ وہی انداز، وہی رفتار، مگر مقصد مختلف — اصلاح، تعلیم اور توازن۔ اگر دینی مجلات جدید ابلاغی ذرائع کو اپنا کر سوشل میڈیا کے میدان میں داخل ہوں تو وہ فکری سمت درست کرنے میں انقلابی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

فکری ہم آہنگی اور وسعتِ نظر

پاکستانی معاشرہ تنوع کا حامل ہے — زبان، ثقافت، فقہی رجحانات، حتیٰ کہ طرزِ فکر میں بھی۔دینی جرائد اس تنوع کو قرآن و سنت کے مشترکہ اصولوں کے تحت رحمت میں بدل سکتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کو ایک علمی مجلس میں جمع کر سکتے ہیں،اجتہادی و تحقیقی مباحث کو دلیل و استدلال کی بنیاد پر فروغ دے سکتے ہیں، اور قومی، اخلاقی و سماجی مسائل پر مشترکہ مذہبی موقف مرتب کر سکتے ہیں۔ان تمام چیلنجز کا حل صرف اسی وقت ممکن ہے جب دینی جرائد اپنی “فکری ذمہ داری” کو سمجھیں۔ یہ محض پرچے یا رسائل نہیں، بلکہ یہ امت کی فکری روح کے محافظ ہیں۔ ان کا کردار محاذ آرائی کا نہیں بلکہ تعمیر و تالیف کا ہے۔ وہ علمی مکالمہ، فکری برداشت اور قومی بیانیے کی تشکیل کے ذریعے ایک ایسا ماحول پیدا کر سکتے ہیں جس میں اختلاف رحمت اور اتحاد حقیقت بن جائے۔

قومی مسائل میں دینی جرائد کا عملی کردار

 فرقہ وارانہ ہم آہنگی: علمی مکالمے کے ذریعے فکری اتحاد

آج کے انتشار زدہ ماحول میں سب سے بڑی ضرورت “علمی سطح پر مکالمے کی بحالی” ہے۔ دینی جرائد اس ضمن میں وہ کردار ادا کر سکتے ہیں جو مساجد، مدارس یا جامعات اکیلے نہیں کر سکتیں — یعنی ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا جہاں مختلف مکاتبِ فکر کے اہلِ علم علمی احترام اور استدلال کے ساتھ گفتگو کریں۔ اختلاف کو دشمنی نہیں بلکہ “علمی تنوع” کے طور پر سمجھنے کا شعور انہی جرائد کے ذریعے پروان چڑھ سکتا ہے۔

 بدعنوانی کے خلاف اصلاحی بیانیہ: شرعی و اخلاقی بنیادوں پر

قوموں کے زوال کی سب سے بڑی وجہ بدعنوانی ہے — مالی بھی، اخلاقی بھی، فکری بھی۔ دینی جرائد اپنی تحریروں کے ذریعے ایک “اصلاحی بیانیہ” تشکیل دے سکتے ہیں جو قرآن و سنت کی بنیاد پر قوم کو امانت، دیانت اور عدل کا سبق دے۔ اگر یہ بیانیہ مساجد کے منبر سے اتر کر قلم کی دنیا میں داخل ہو جائے، تو یہی قلم کرپشن کے نظام کو فکری سطح پر چیلنج کر سکتا ہے۔

 تعلیمی زوال: تحقیق اور علم کے فروغ کی سمت

پاکستان کے علمی بحران کی جڑ تعلیمی زوال ہے۔ تحقیق، تنقیدی فکر، اور تخلیقی علم کی روح کمزور ہو چکی ہے۔ دینی جرائد کو چاہیے کہ وہ تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے “خصوصی اشاعتیں” نکالیں، ایسی تحریریں جو مدارس اور جامعات دونوں کو ایک فکری ربط میں جوڑیں۔ علم اگر محض ڈگریوں کا نام رہ جائے تو سماج اندھیرا بن جاتا ہے، اور دینی جرائد وہ چراغ ہیں جو اس اندھیرے کو روشنی دے سکتے ہیں۔

 سیاسی تربیت: عدل، دیانت اور شوریٰ کا نظریہ

ہماری سیاست کا سب سے بڑا بحران اخلاقیات کا فقدان ہے۔ دینی جرائد اس میدان میں “سیاسی اخلاقیات” کو موضوعِ گفتگو بنا سکتے ہیں۔ عدل، شوریٰ، اور دیانت پر مبنی اسلامی نظریۂ سیاست کو عوامی سطح پر متعارف کرانا ہی وہ علمی خدمت ہے جو فکری تبدیلی کی بنیاد بن سکتی ہے۔ سیاست اگر اقدار سے خالی ہو تو محض طاقت کی دوڑ رہ جاتی ہے — اور دینی جرائد اس دوڑ میں “ضمیر کی آواز” بن سکتے ہیں۔

 خواتین کا کردار: شریعت کی روشنی میں متوازن رہنمائی

عصرِ حاضر کا ایک بڑا سوال خواتین کے کردار سے متعلق ہے۔ دینی جرائد کا فرض ہے کہ وہ اس موضوع پر “متوازن اور علمی رہنمائی” فراہم کریں — نہ مغربی انتہاپسندی کا شکار ہوں، نہ مقامی تنگ نظری کا۔ شریعت نے عورت کو عزت، وقار اور سماجی کردار دیا ہے؛ اسے صحیح تناظر میں پیش کرنا ہی اصل خدمتِ دین ہے۔ یہ رہنمائی اگر جرائد کے ذریعے عام ہو جائے تو معاشرے میں توازن اور اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔

ماحولیاتی مسائل: قرآن و سنت کے تناظر میں شعور بیداری

ماحولیات آج کا عالمی مسئلہ ہے مگر اسلامی فکر میں یہ “امانتِ الٰہی” کا معاملہ ہے۔ دینی جرائد اس پر قرآنی رہنمائی اجاگر کر سکتے ہیں کہ زمین، فطرت اور وسائل کا تحفظ صرف ماحولیاتی ذمہ داری نہیں بلکہ شرعی فریضہ ہے۔ اگر قرآن فضا، درختوں اور پانی کے ذکر کو عبادت کا حصہ بناتا ہے تو ہمیں بھی اس سوچ کو تحریر اور معاشرت میں رائج کرنا ہوگا۔

 فکری دفاع اور معاشرتی اصلاح کا نیا منبر

آج جب میڈیا مغربی بیانیے سے لبریز ہے، دینی جرائد ہی وہ واحد منبر ہیں جو اسلام کے “فکری دفاع” کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔ یہ محض دینی نہیں بلکہ “قومی جرائد” ہیں — جو وحدت، برداشت اور مکالمے کی فضا پیدا کر سکتے ہیں۔ ان کے ذریعے بے روزگاری، اخلاقی زوال، اور نوجوانوں میں ذہنی انتشار جیسے چیلنجز پر “علمی گفتگو” ممکن ہے۔یہی جرائد اسلامی اقتصادی نظام کے اصولوں کی روشنی میں سودی معیشت پر علمی تنقید کر سکتے ہیں، خاندانی نظام کی مضبوطی پر رہنما مواد شائع کر سکتے ہیں، اور نوجوان نسل کو فکری توازن کی سمت دے سکتے ہیں۔ خلاصہ یہ کہ  دینی جرائد کو صرف دینی مواد تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں “فکری و قومی تحریک” کے اوزار کے طور پر دیکھا جائے۔ یہی وہ آواز ہے جو علمی بنیادوں پر قوم کی فکری سمت درست کر سکتی ہے — اور یہی ان کا اصل “عملی کردار” ہے۔

مدارس کے جرائد اور ان کا سماجی اثر

مدارس کے جرائد جیسے ماہنامہ بینات، منہاج القرآن، دختران اسلام، حرمین، تنظیم اسلامی، الحق، الخیر، البلاغ، ترجمان الحدیث، اور الشریعہ وغیرہ  نے علمی استحکام پیدا کیا۔ ان جرائد نے عوام اور علماء کے درمیان فکری رابطہ قائم رکھا۔ان کےذریعے اجتماعی سوچ، تحقیق، اور مکالمے کی روایت فروغ پاتی ہے۔ ہمیں مدارس کے جرائد کو جدید ذرائع ابلاغ سے جوڑنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی رسائی نئی نسل تک ہو۔

میڈیا کے نظریاتی ماڈلز اور دینی جرائد کا مطلوبہ کردار

آج کا نوجوان مکمل طور پر”میڈیا کے اثر” میں ہے — خواہ وہ سوشل میڈیا ہو، ٹی وی اسکرین یا ڈیجیٹل نیٹ ورک۔مغربی بیانیہ ایسے ذہنوں میں سرایت کر رہا ہے جیسے “فکری انجکشن” — آہستہ آہستہ سوچ، اخلاق، اور اقدار کو بدل دیتا ہے۔ایسے میں دینی جرائد کا فریضہ صرف خبری اشاعت نہیں بلکہ “فکری دفاع” اور “اسلامی شعور کی تشکیل” ہے۔یہی وہ میدان ہے جہاں ہمیں مغربی ابلاغی ماڈلز کو سمجھ کر “اپنا فکری ماڈل” وضع کرنا ہوگا۔

ہائپو ڈرمیِک سرنج ماڈل (Hypodermic Syringe Model)

اس نظریے اور  اس ماڈل کے مطابق میڈیا اپنے پیغام کو ایسے داخل کرتا ہے جیسے ایک سرنج دوا کو جسم میں داخل کرتی ہے .یعنی میڈیا کا اثر “براہِ راست سامعین کے ذہن” میں جاتا ہے، ان کی سوچ، رائے اور رویہ بدل دیتا ہے۔

دینی جرائد کا کردار:

اگر دینی جرائد اپنے بیانیے کو منظم، مربوط اور تسلسل کے ساتھ پیش کریں، تو وہ بھی معاشرے پر “گہرا اور پائیدار فکری اثر” ڈال سکتے ہیں۔اسلامی تعلیمات، عدل، خیرِ عام، اور فکری آزادی کے پیغام کو اگر مستقل مزاجی سے تحریر و بصیرت کے ساتھ عام کیا جائے، تو یہی “انجکشن” انسانی ضمیر کو بیدار کر سکتا ہے۔

عملی لائحہ عمل:

  • مسلسل مثبت اور علمی مواد کی اشاعت
  • نوجوانوں کے لیے سادہ مگر گہرے پیغامات
  • تحریر کے ساتھ بصری ابلاغ (Visual Communication)
  • اخلاقی اقدار کو بحال کرنے والی تحریری مہمات


یوں دینی جرائد “فکری علاج”  کے مراکز بن سکتے ہیں — جہاں معاشرتی زہر کے جواب میں فکری شفا فراہم کی جائے۔

 ٹو اسٹیپ ماڈل  (Two Step Model)

اس نظریے اور اس ماڈل کے مطابق میڈیا سب سے پہلے “رائے ساز طبقے” کو متاثر کرتا ہے، اور پھر وہ طبقہ پورے معاشرے کا ذہن بدل دیتا ہے۔ یعنی اصل ہدف عام عوام نہیں بلکہ “صاحب رائے ” ہوتا ہے۔

دینی جرائد کا کردار:-

دینی جرائد کو چاہیے کہ وہ علماء، محققین، مدیران، اور فکری رہنماؤں کو پہلے مخاطب کریں ،انہیں قائل، باشعور اور متحرک بنائیں ،تاکہ وہ آگے جا کر معاشرتی سطح پر تبدیلی کے سفیر بن سکیں۔

عملی لائحہ عمل:-

  • دینی و فکری سیمینارز کا انعقاد
  • فکری قیادت کے ساتھ پالیسی مکالمے
  • ریسرچ مضامین کے ذریعے علمی اثر
  • مدیرانِ جرائد کے اشتراک سے قومی فکری بیانیہ تشکیل دینا

یوں جرائد “Opinion Leaders” کے ذہنوں میں روشنی بھر کر “پورے سماج کی فکری سمت” بدل سکتے ہیں۔

ایجنڈا  سیٹنگ ماڈل  (Agenda Setting Model)

اس  نظریے کے تحت میڈیا اس بات کا تعین کرتا ہے کہ عوام کن موضوعات پر سوچیں، بحث کریں اور رائے بنائیں۔یہی “ایجنڈا سیٹنگ” کہلاتا ہے — یعنی بیانیے کے ذریعے عوامی شعور کو کنٹرول کرنا۔

دینی جرائد کا کردار:

جب مغربی میڈیا فکری و اخلاقی انحراف کو ایجنڈا بناتا ہے، تو دینی جرائد کو چاہیے کہ وہ “قرآن و سنت کے موضوعات” کو “مرکزی قومی بیانیہ” بنائیں۔ اسلامی اخلاقیات، تعلیم، عدل، خواتین کا توازن، اور ماحولیات جیسے موضوعات کو نمایاں کریں تاکہ میڈیا کے شور میں “قرآنی فکر کی آواز” واضح طور پر سنائی دے۔

عملی لائحہ عمل

  • ہر ماہ ایک “فکری موضوع” کو ایجنڈا بنا کر خصوصی شمارہ شائع کرنا
  • دینی و قومی موضوعات پر عوامی مباحثے کو فروغ دینا
  • مغربی بیانیوں کا علمی تجزیہ اور توازن کے ساتھ جواب دینا

یوں دینی جرائد “ایجنڈا فالو” کرنے کے بجائے “ایجنڈا سیٹ” کر سکتے ہیں۔

دینی جرائد اب محض رسائل نہیں، بلکہ “اسلامی فکر کے میڈیا ماڈلز” ہیں۔ انہیں یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ اگر مغرب نے ابلاغی نظریات کے ذریعے ذہن بدلے ہیں، تو اسلام کے ماننے والے “اخلاق، علم اور حکمت” کے ذریعے دل بدل سکتے ہیں۔یہ وہ بیانیہ ہے جو صرف ردعمل نہیں — بلکہ “فکری قیادت” کا مظہر ہے۔ دینی جرائد اگر اپنی سمت کو پہچان لیں تو وہ آنے والی نسل کے ذہنوں میں ایمان، توازن، اور فکری استقامت کی روشنی بھر سکتے ہیں۔

خلاصہ یہ کہ دینی جرائد کو چاہیے کہ وہ مغربی ابلاغی ماڈلز کو سمجھ کر انہیں “اسلامی فکر کے فریم ورک” میں استعمال کریں۔ یہی وہ حکمتِ عملی ہے جو امت کے فکری دفاع، معاشرتی اصلاح، اور فکری بیداری کے نئے دور کا آغاز بن سکتی ہے۔

ڈیجیٹل دور میں دینی جرائد کی حکمتِ عملی

ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں “ڈیجیٹل میڈیا” محض ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ “فکر اور اثر کا میدان” بن چکا ہے۔موبائل اسکرینیں، پوڈکاسٹ، بلاگز، سوشل میڈیا پوسٹس — یہی آج کی دنیا کے ڈیجیٹل منبر اور محراب ہیں۔ایسے میں دینی جرائد کے لیے ضروری ہے کہ وہ صرف پرنٹ تک محدود نہ رہیں، بلکہ اپنی بات کو “ڈیجیٹل دنیا کی زبان” میں پیش کریں۔یہی وہ موقع ہے جہاں “فکری پیغام کو عالمی سطح تک پہنچانے” کے لیے جدید ذرائع کو دین کے اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

دینی جرائد کے ڈیجیٹل ورژن، پوڈکاسٹ اور آن لائن اشاعتیں

اب وقت آ چکا ہے کہ دینی جرائد اپنے “ڈیجیٹل ایڈیشنز” اور “آڈیو-ویژول ورژن” تیار کریں۔ پوڈکاسٹ، یوٹیوب سیریز، اور سوشل میڈیا بلاگز کے ذریعے دینی فکر کو “قابلِ سماعت اور قابلِ اشتراک” بنایا جا سکتا ہے۔ آج کے نوجوان کتاب سے زیادہ “اسکرین پر بولتی ہوئی فکر” کو سمجھتے ہیں — لہٰذا جرائد کو چاہیے کہ وہ اپنی تحریروں کو “ڈیجیٹل نَسق میں منتقل” کریں تاکہ اسلامی پیغام عالمی ڈیجیٹل فضا میں گونج سکے۔

بین الجامعاتی تحقیقی اشتراک  (Inter-University Collaboration)

علمی اثر ہمیشہ “اجتماعی کاوش” سے بڑھتا ہے۔ دینی جرائد اگر “جامعات کے تحقیقی شعبوں” سے اشتراک قائم کریں تو علم و تحقیق کا ایک نیا باب کھل سکتا ہے۔ مشترکہ تحقیقی منصوبے، علمی سیمینارز، اور ریسرچ شراکتیں نہ صرف معیار کو بلند کریں گی بلکہ مدارس اور یونیورسٹیوں کے درمیان “فکری پل” کا کردار بھی ادا کریں گی۔ یہی اشتراک پاکستان کے علمی مستقبل کی سمت متعین کر سکتا ہے۔

 قومی مسائل پر خصوصی ایڈیشنز کی اشاعت

دینی جرائد کو صرف فقہی یا نظریاتی موضوعات تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ آج کے معاشرتی، سیاسی، اخلاقی اور ماحولیاتی مسائل پر “اسلامی نقطۂ نظر سے خصوصی ایڈیشنز” شائع کیے جائیں۔ مثلاً عدل و انصاف، تعلیم، معیشت، خواتین کا کردار، اور اخلاقی تربیت جیسے موضوعات پر اگر دینی جرائد فکری رہنمائی فراہم کریں تو وہ محض ایک اشاعتی ادارہ نہیں بلکہ “قومی فکری اتھارٹی” بن سکتے ہیں۔

تحریر کا معیار عالمی تحقیقی معیار کے مطابق

علمی دنیا میں مقام حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہماری تحریریں صرف جذبے کی نہیں بلکہ “تحقیق اور استدلال” کی بنیاد پر ہوں۔ دینی جرائد کو چاہیے کہ وہ “ریویو بورڈز، ریفرنسنگ، اور علمی معیار” کے بین الاقوامی اصول اپنائیں۔ یہی طریقہ انہیں عالمی سطح پر معتبر بنائے گا — تاکہ اسلامی فکر کو بین الاقوامی علمی مکالمے میں “وقار اور وزن” کے ساتھ پیش کیا جا سکے۔

قصہ گوئی  (Storytelling) اور بامعنی زبان

دینی پیغام اگر خشک علمی اصطلاحات میں محدود رہے تو عام قاری تک نہیں پہنچتا۔ اسی لیے ہمیں “کہانی کے انداز  (storytelling) میں، سادہ مگر گہری زبان میں پیغام دینا ہوگا۔ یہی طریقہ “قرآنِ حکیم” نے بھی اپنایا — جہاں کہانی کے اندر اخلاق، فلسفہ، اور دعوت سب کچھ سمو دیا گیا۔ آج کے جرائد بھی اگر جدید بیانیہ تکنیک استعمال کریں تو نوجوان نسل کے دلوں تک اسلامی فکر پہنچائی جا سکتی ہے۔

خلاصہ یہ کہ دینی جرائد اب صرف پرنٹ میگزین نہیں — یہ “فکر و دعوت کے ڈیجیٹل منبر” ہیں۔ اگر ہم نے دانش مندی سے ڈیجیٹل ذرائع کو استعمال کیا، تو یہ جرائد صرف مذہبی ادارے نہیں رہیں گے، بلکہ “پاکستان کے فکری و روحانی مستقبل کے معمار” بن جائیں گے۔

آؤٹ ریچ  (Outreach) اور اثر پذیری: عالمی جرائد سے سیکھنا

آج کے عالمی فکری منظرنامے میں “جرائد کی اثر پذیری” صرف تحریر تک محدود نہیں رہی۔ یہ اب فکری قیادت، عوامی شعور، اور بیانیے کی تشکیل کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ ہم اگر دینی جرائد کے کردار کو بین الاقوامی معیار پر لانا چاہتے ہیں، تو ہمیں اُن ذرائع سے سیکھنا ہوگا جو دنیا بھر میں “قاری کے ذہن پر اثر انداز ہونے” کا فن جان چکے ہیں۔ یہ سیکھنا تقلید نہیں بلکہ “دانش کی منتقلی” ہے — تاکہ ہم اپنی فکر کو زیادہ موثر انداز میں پیش کر سکیں۔

عالمی جرائد کی اثر پذیری — ایک فکری ماڈل

دنیا کے معروف علمی و فکری جرائد جیسے “ہارورڈ بزنس ریویو” (Harvard Business Review)،”فوربز ” (Forbes) اور “دی اکانومسٹ “(The Economist) نے یہ ثابت کیا ہے کہ تحریر اگر “تحقیق، استدلال اور کہانی کے انداز()سے مزین ہو تو وہ لاکھوں ذہنوں پر اثر ڈال سکتی ہے۔ یہ جرائد بزنس یا مینجمنٹ جیسے خاص موضوعات پر بات کرتے ہیں، لیکن ان کے قارئین کی تعداد لاکھوں نہیں بلکہ “کروڑوں میں” ہوتی ہے۔ مثلاً HBR میں شائع ہونے والا ایک عام مضمون ایک مہینے میں لاکھوں قارئین تک پہنچتا ہے، اور بعض جرائد کی مجموعی ڈیجیٹل رسائی ایک کروڑ (11 ملین) سے بھی تجاوز کر جاتی ہے۔ یہ صرف مطالعہ نہیں، بلکہ فکری شرکت کا مظہر ہے۔

ہمارا چیلنج — اثر کی دنیا میں اپنی جگہ

سوال یہ ہے کہ جب دنیا کے یہ جرائد عام موضوعات پر لاکھوں لوگوں کے ذہنوں کو اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں، تو “دینی اور فکری موضوعات” — جو انسان کے قلب و روح سے تعلق رکھتے ہیں — وہ کیوں اسی قوت سے پیش نہیں کیے جا سکتے؟ کیا صرف یہ کہہ دینا کافی ہے کہ “لوگوں کا دماغ خراب ہو گیا ہے” یا “معاشرہ بگڑ گیا ہے”؟ یہ سوچ دراصل “فکری جمود” کی علامت ہے۔ جب تک ہم اپنے “ابلاغی انداز، پیشکش کے اسلوب، اور قاری کے ساتھ تعلق” کو ازسرِنو ترتیب نہیں دیں گے، ہماری تحریریں صرف حلقہ ہائے درس تک محدود رہ جائیں گی۔

سیکھنے کا نکتہ — پیشکش، تسلسل اور تعلق

عالمی جرائد ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ اثر صرف مواد سے نہیں بلکہ “پیشکش کے انداز، تسلسلِ اشاعت، اور قاری کے ساتھ ربط” سے پیدا ہوتا ہے۔ وہ مسلسل اپنی تحریروں کے ذریعے قاری کے ذہن میں سوال پیدا کرتے ہیں، اس کے تجربے سے جڑتے ہیں، اور اس کے مسائل کو اپنی زبان میں بیان کرتے ہیں۔ ہمیں اسی طرز کو “دینی اور فکری احیاء کے مقصد” کے ساتھ اپنانا ہوگا۔ یعنی مواد ہمارا ہو، زاویہ ہمارا ہو، مگر طرزِ اظہار اور حکمتِ ابلاغ”عصرِ حاضر کے معیار کے مطابق ہو۔

خلاصہ — دائرۂ اثر کو وسعت دینے کی حکمت

دینی جرائد کے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار سے باہر نکلیں۔” ہمیں وہ اصول اپنانا ہوں گے جن سے عالمی جرائد نے اپنے قارئین کے ساتھ اعتماد اور اثر کا رشتہ قائم کیا۔ اگر ہم “تحقیق، استدلال، تسلسل، اور مؤثر کہانی گوئی” کو اپنا شعار بنا لیں، تو ہمارے دینی جرائد محض اشاعتی ادارے نہیں رہیں گے، بلکہ “فکری تحریکوں کے رہنما اور “اسلامی بیانیے کے علمبردار” بن جائیں گے۔

یہ وقت شکایت کا نہیں، بصیرت کا ہے۔ دنیا اپنی فکر کو اربوں لوگوں تک پہنچا رہی ہے، اور ہمارے پاس وہ “حق اور حکمت” ہے جو انسانیت کے دلوں کو بدل سکتی ہے۔ بس ضرورت ہے کہ ہم اپنی فکر کو جدید ابلاغی سانچے میں ڈھالیں — تاکہ دینی جرائد “قومی و عالمی فکری قیادت” کے منصب پر فائز ہو سکیں۔

تجزیاتی نکات: دینی جرائد کا فکری و عملی افق

دینی جرائد کا مقصد: محض معلومات نہیں، بلکہ فکری رہنمائی

دینی جرائد کو صرف خبری یا اطلاعی ذریعہ نہیں رہنا چاہیے۔ ان کا اصل کام امت کی فکری سمت متعین کرنا ہے — ایسے علمی مباحث کو فروغ دینا جو قاری کے ذہن کو سوچنے پر مجبور کریں۔ اسلامی تاریخ میں رسائل و جرائد نے ہمیشہ رہنمائی کا کردار ادا کیا ہے، خواہ وہ “المنار” ہو “الفرقان” ہو  یا “ترجمان القرآن”۔ آج کے دور میں بھی یہ کردار اسی روح کے ساتھ زندہ کیا جا سکتا ہے — مگر جدید علمی و سائنسی اسلوب میں۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے رسائی میں وسعت

آج کے قارئین کا زیادہ تر وقت موبائل اسکرین پر گزرتا ہے۔ اس لیے دینی جرائد کو اپنی اشاعت کے روایتی دائرے سے نکل کر “ڈیجیٹل وجود” اختیار کرنا ہوگا۔ پوڈکاسٹ، آن لائن ویڈیوز، شارٹ آرٹیکلز، اور انٹرایکٹو فارمیٹس کے ذریعے قارئین تک پہنچنے کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔یہ صرف اشاعت نہیں بلکہ “دعوتِ فکر و شعور” کا نیا باب ہو گا۔

تحقیقی اشتراک، پوڈکاسٹ، اور بیانیہ سازی کی اہمیت

بین الجامعاتی اشتراک (Inter-University Collaboration) دینی جرائد کے علمی معیار کو بڑھا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پوڈکاسٹ، سادہ مگر بامعنی زبان، اور کہانی سنانے (Storytelling) کے جدید انداز اپنانے سے پیغام کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔یہی وہ اصول ہیں جن سے عالمی جرائد نے اپنے قارئین کے ساتھ ایک ذہنی اور فکری ربط قائم کیا ہے — ہمیں بھی یہی کرنا ہے مگر “اسلامی اخلاق اور مقصدیت” کے ساتھ۔

قومی خدمت اور فکری مستقبل کی تعمیر

اگر دینی جرائد کو قومی خدمت کے ایک فعال ستون کے طور پر اپنایا جائے تو یہ نہ صرف فکری قیادت فراہم کر سکتے ہیں بلکہ پاکستان کے فکری مستقبل کے معمار بھی بن سکتے ہیں۔ یہ جرائد قوم میں “وحدت، اعتدال، اور شعور” پیدا کرنے کے ذریعہ بن سکتے ہیں، بشرطِ اخلاص و حکمت۔

اختتامیہ: فکری قیادت کی نئی سمت

آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ دینی جرائد محض مطبوعات نہیں — یہ “پاکستان کی فکری روح کے محافظ” ہیں۔ اگر ہم ان کے ذریعے اصلاح، اتحاد، اور مثبت مکالمہ کو فروغ دیں، تو یہ معاشرے کی فکری سمت متعین کر سکتے ہیں۔

[*] مفتی کامران شہزاد مدرسہ ڈاٹ-پی-کے سے بطور ڈائریکٹر وابستہ ہیں۔

[*] یہ تحریر انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے زیراہتمام کی گئی اس گفتگو کا حصہ ہے جس میں مختلف دینی جرائد کے مدیران نے ایک مذاکرے  کی شکل میں اس موضوع پر اظہار خیال کیا۔

Share this post