IPS-ICRC Conference | Islam and Humanitarian Action: Prospects and Challenges

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے باہم اشتراک سے ایک دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس 24، 25 نومبرکو کراچی میں ہو گی۔ کانفرنس کا عنوان ، مرکزی خیال، اور دیگر تفاصیل ذیل میں مذکور ہیں۔
ہماری خواہش ہے کہ آپ اس کانفرنس کے لیے علمی تعاون کریں اور کانفرنس کے ذیلی عنوانات میں سے کسی ایک پر مقالہ پیش کریں۔ ہمیں امید ہے کہ آپ کا پیش کردہ مقالہ نہ صرف کانفرنس کی وقعت میں اضافہ کرے گا بلکہ اس موضوع پر فکر کے نئے زاویوں سے بھی روشناس کروائے گا۔ تمام مقالات اردو زبان میں پیش کیے جائیں گے اور انہیں بعد ازاں کتابی شکل میں شائع کیا جائے گا۔ مقالے کا تلخیصی خاکہ (ایبسٹرییکٹ) بھجوانے کی آخری تاریخ 20 ستمبر اور مقالہ جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر ہے۔

کانفرنس کے بارے میں مزید تفصیلات و ہدایات مندرجہ ذیل لنک پر آن لائن مسلسل فراہم کی جاتی رہیں گی:۔
آئی پی ایس ویب سائٹ
www.ips.org.pk/ips-icrc-conference-2021
فیس بُک ایونٹ پیج
https://fb.me/e/Zl315xsH


اسلام میں انسانی خدمات: امکانات و مسائل
Islam and Humanitarian Action: Prospects and Challenges

تعارف اور مرکزی خیال

انسان دوستی یوں تو ہر مذہب کی تعلیمات کا ایک بنیادی وصف ہے لیکن اسلام بالخصوص ایک ایسا معاشی اور سماجی ڈھانچہ رکھتا ہے جس میں انسانیت کا احترام ، اور انسانوں کے درمیان باہم تعاون کو صرف اخلاقیات نہیں بلکہ عبادات میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ ایک جامع معاشرتی ڈھانچے کی تشکیل میں انسانیت کی بنیاد پر باہم ربط اور احساس و خیر خواہی پر مبنی تعلق کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ تاہم یہ بھی درست ہے کہ درست اور غلط، حق اور باطل کی تفریق میں ایک نوعیت کی حد بندی بھی پائی جاتی ہے جو انسانوں کو ایک خاص انداز میں تقسیم کرتی ہے۔ حالیہ عرصے میں تفریق اور تقسیم کی یہ سرحدیں خاصی نمایاں ہوئی ہیں اور انسانی تعلق کو نظریاتی اور اس سے بھی بڑھ کر فقہی و اعتقادی بنیادوں پر جانچا جانے لگا ہے۔ اس کے باوجود مسلم معاشروں اور بالخصوص پاکستان میں کسی بھی مشکل یا مصیبت میں مبتلا افراد کی مدد کرنے اور سہارا بننے کا رجحان بھی عام ہے۔ موجودہ دور میں جاری متعدد مسلح تنازعات ، امن و امان کی خراب صورتِ حال، معاشی و سماجی پسماندگی، قدرتی آفات، داخلی پناہ گزینوں اور مہاجرین کی بڑی تعداد میں موجودگی، مذہبی اور مسلک کی تقسیم جیسے متعدد امور ایسے ہیں جن میں انسانی خدمات (ہیومینیٹیرین ایکشن) کی ضرورت واہمیت بہت بڑھ جاتی ہے۔ اس ضرورت کے احساس کے تحت بڑی تعداد میں مسلم انسان دوست تنظیمیں اور افراد انسانی مشکلات کو دور کرنے اور انفرادی و اجتماعی زندگی کو سنوارنے میں مصروف ہیں۔ ان میں ایسی تنظیمیں بھی نمایاں ہیں جن کی انسان دوستی کی بنیاد ہی مذہب ہے۔ یہ تنظیمیں گلی محلے کی سطح سے لے کر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فعال ہیں اور اپنے بے لوث روئیے، ہمدردی اور ایثار کی بنیاد پر عوام میں مقبولیت کی حامل بھی ہیں۔

دنیا بھر میں انسانی خدمات فراہم کرنے والی ایک بڑی تحریک ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کی ہے۔ رضاکارانہ بنیادوں پر استوار انسانی خدمت کی یہ تنظیم غیر وابستگی، غیر جانبداری اور خود مختاری جیسے بنیادی اصولوں پر عمل کو انسانی خدمت کے لیے ناگزیر قرار دیتی ہے تاکہ حالتِ جنگ و امن میں مصیبت زدہ اور کمزور افراد کو انسانیت کی بنیاد پر بلاتفریق امداد فراہم کی جا سکے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز ایک نجی تھنک ٹینک کے طور پر 1979 سے ایسے مباحث کے فروغ میں مشغول ہے جن کا مقصد عمومی انسانی فلاح ہو ۔

مذکورہ بالا منظرنامے سے متعلق اہم امور کو زیرِ بحث لانے کے لیے آئ پی ایس ور آئ سی آر سی کے اشتراک سے دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس قومی کانفرنس میں ملک بھر سے اہل ِعلم کو مقالے پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس کانفرنس میں انسانی خدمات میں مشغول تنظیموں کے نمائندگان کے ذریعے عملی و اخلاقی حوالوں سے اسلام کی انسان دوستی اور انسانی خدمات سے متعلق تعلیمات کی تشریح اور اطلاق کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

اہم سوالات

حالیہ عرصے میں مذہب کی جانب رجوع کے بڑھتے ہوئے رجحان ، درست اور غلط کی متعدد و متضاد تشریحات اور تنازعات و اختلافات کی موجودگی میں مذہب کی بنیاد پر تقسیم اور تفریق میں اضافے جیسے رجحانات کے پیشِ نظر اس بات کا جائزہ مفید ہے کہ اسلام میں انسانی خدمات کی بنیادیں کیا ہیں اور مختلف حالات میں ان کا دائرہ کس قدر وسیع ہے؟ کیا اسلام میں خدمات غیر جانبداری کی بنیاد پر ہو سکتی ہیں؟ اسلام کی بنیاد پر جو انسانی خدمات اس وقت مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں، ان کا مزاج اور انداز کیا ہے؟

اگرچہ یہ سوالات و مباحث عمومی نوعیت کے ہیں تاہم ایک جامع اور مفید مبحث کی تشکیل کے لیے پاکستانی سیاق و سباق فطری طور پر پیشِ نظر رہے گا اور اس موضوع کے مختلف پہلوؤں سےمتعلق اطلاقی حوالوں سے امکانات و مسائل پر بھی بات کی جائے گی۔

مقاصد

اسلام میں غیر جانبدارانہ انسانی خدمت کے تصوّر کا جائزہ لینا۔ •
اسلام میں انسانی خدمات کی بنیادوں کو جاننا۔ •
اسلام میں انسانی خدمات کی روایات اور وسعت کا احاطہ کرنا۔ •
پاکستان میں انسانی خدمات کی فراہمی کے عملی پہلوؤں اور مشکلات کا جائزہ لینا۔ •
اسلامی تعلیمات کی روشنی میں آئی سی آر سی کے تصوّرِ خدمت کا مطالعہ کرنا ۔ •

بنیادی تفاصیل

دو روزہ قومی کانفرنس بعنوان اسلام میں انسانی خدمات پاکستانی تناظر میں اہم مباحث کا انعقاد آئی پی ایس اور آئی سی آر س ی کے اشتراک سے 25 اور 26 نومبر 2021 کو کراچی میں کیا جائے گا ۔ان شاء اللہ •
مقالہ نگاروں کی کانفرنس میں شرکت کے لیے اہتمام کیا جائے گا۔ استثنائی صورت میں کسی مقالہ نگار یا مقرر کو آن لائن شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ •
کووڈ سے متعلق تمام تر حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ •
تلخیصی خاکہ (ایبسٹریکٹ) کے جائزہ کی بنیاد پرمنتخب کردہ مقالات پیش کرنے والوں کو علامتی اعزازیہ دیا جائے گا۔ •
کانفرنس میں پیش کردہ وقیع مقالہ جات کو کتابی صورت میں طبع کیا جائے گا۔ •

مقالہ جات کے لیے قواعد

مقالہ کانفرنس کے دیے گئے موضوعات میں سے کسی ایک پر ہو۔ •
مقالہ نہ تو پہلے سے شائع شدہ ہو اور نہ ہی کسی کانفرنس وغیرہ میں پیش کیا جا چکا ہو۔ •
مقالہ نگار علمی تحقیق کے اصولوں کی مکمل پاسداری کرے ۔مصادر و مآخذ کے حوالہ جات فٹ نوٹس کی شکل میں رائج اصولوں کے مطابق دیے جائیں۔ •
تلخیصی خاکے کے جائزے کی بنیاد پر منتخب کیے گئے موضوعات پر مقالات لکھنے کی دعوت دی جائے گی جن میں سے معیاری مقالات کو کانفرنس میں پیش کرنے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ •
مقالے کی ضخامت بشمول مصادر ومراجع اے فور سائز کے پچیس صفحات سے زائد نہ ہو۔ •
مقالہ اردو زبان میں اور ایم ایس ورڈ میں ٹائپ کیا گیا ہو۔ [فونٹ سائز 14] •
ملحقات ،کتابیات اور فہارس وغیرہ مقالے کے آخر میں دی جائیں۔ •
مقالے کے ساتھ مقالہ نگار کے کوائف اور رابطے کی تفاصیل ایک صفحے میں فراہم کی جائیں۔ •
کانفرنس اور مقالات سے متعلق تمام خط و کتابت درج ذیل ای میل ایڈرس کے ذریعے کی جائے گی، جب کہ عمومی تفصیلات و ہدایات آن لائن موجود ہوں گےجن کے لنک اوپر دئیے گئے ہیں۔ •
events@ips.net.pk
آئی پی ایس کی متعلقہ کمیٹی کسی بھی مقالہ کو مسترد یا منظور کرنے کی مجاز ہوگی اور اس حوالے سے کسی وضاحت کی پابند نہ ہو گی۔ •
کانفرنس میں پیش کردہ مقالہ جات آئی پی ایس اور آئی سی آر سی کے معیارات اور قواعد کے مطابق شائع کیے جائیں گے۔ •

ذیلی موضوعات

انسانی خدمات کا مفہوم اور دائرہ عمل: آئ سی آر سی کے تناظر میں
انسانی خدمات میں غیروابستگی، غیر جانب داری اورخودمختاری کی اہمیت: اسلام کا نقطۂ نظر
اسلام میں انسان دوستی کی نظری و عملی بنیادیں
مسلم معاشروں میں انسانی خدمات کے لیے مالی و انسانی وسائل کی فراہمی: رجحانات و مسائل [خیرات صدقات ، اشتراکِ عمل وغیرہ]
عالمی منظرنامے میں انسان دوست تنظیموں کا کردار اور حکمتِ عملی
پاکستان میں انسانی خدمات: ضرورت، نوعیت اور مسائل
جنگ زدہ علاقوں میں انسانی خدمات کے لیے اسلام کی تعلیمات

اہم تواریخ

مقالے کا تلخیصی خاکہ(ایبسٹریکٹ)جمع کروانے کی تاریخ۔۔۔۔۔۔20 ستمبر
قبول شدہ مقالہ جات کا اعلان۔۔۔۔۔۔30 ستمبر
مکمل مقالہ جمع کروانے کی تاریخ ۔۔۔۔۔۔ 20 اکتوبر
آئی پی ایس کے ملاحظات کے مطابق ترمیم شدہ مقالہ جمع کروانے کی تاریخ ۔۔۔۔۔ 31 اکتوبر
کانفرنس میں پیش کرنے کے لیے مختصر متن یا پریزینٹیشن بھیجنے کی تاریخ ۔۔۔۔۔ 15نومبر
دو روزہ قومی کانفرنس ۔۔۔۔۔ 24، 25 نومبر 2021ء